11/06/2026
کسی بھی معاشرے میں ایسے افراد کی اہمیت ہمیشہ برقرار رہتی ہے جو مشاہدے کی گہرائی، اظہار کی صلاحیت اور سیکھنے کے جذبے کو یکجا کر کے اپنی شناخت بناتے ہیں۔ مہتاب نصیر اعوان انہی باصلاحیت نوجوانوں میں سے ایک ہیں جو صحافت اور تخلیقی سرگرمیوں کے میدان میں اپنی مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔
مہتاب نصیر اعوان کا تعلق تحصیل و ضلع چکوال، پنجاب سے ہے۔ انہوں نے انٹرمیڈیٹ (آئی سی ایس) کی تعلیم حاصل کی اور گزشتہ تین برسوں سے صحافت کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ فیلڈ رپورٹنگ ان کی اہم مصروفیات میں شامل ہے، جہاں وہ زمینی حقائق کو عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری احسن انداز میں نبھا رہے ہیں۔
ان کی المشرق گروپ آف میڈیا سے وابستگی گزشتہ سال فیس بک کے ذریعے ہوئی، جس کے بعد وہ ادارے کے مختلف تعلیمی اور ادبی پلیٹ فارمز کا حصہ بنتے چلے گئے۔ ادارے سے انہوں نے گرافکس ڈیزائننگ کا کورس مکمل کیا، جس نے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آج گرافکس ڈیزائننگ ان کی نمایاں مہارتوں میں شمار ہوتی ہے۔
تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مہتاب نصیر اعوان نے ادارے کی مختلف ادبی و فکری سرگرمیوں، خصوصاً قول نگاری اور کہانی نویسی میں بھی بھرپور شرکت کی۔ ان کا ماننا ہے کہ ایسی سرگرمیاں انسان کی تخلیقی سوچ کو جِلا بخشتی ہیں اور اظہارِ خیال کے نئے در وا کرتی ہیں۔
صحافت کے میدان میں ان کی خدمات کو مختلف اداروں اور نیوز چینلز نے بھی سراہا ہے۔ اپنی بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت وہ متعدد حسنِ کارکردگی سرٹیفکیٹس حاصل کر چکے ہیں، جو ان کی محنت، لگن اور ذمہ داری کے احساس کا عملی اعتراف ہیں۔
مہتاب نصیر اعوان کے مطابق المشرق گروپ آف میڈیا کی سب سے نمایاں خوبی اس سے وابستہ افراد کا خلوص، مثبت رویہ اور ہر مرحلے پر رہنمائی کا جذبہ ہے۔ وہ محسوس کرتے ہیں کہ یہ ادارہ اپنے نام کی طرح مشرق سے طلوع ہونے والی اس روشنی کی مانند ہے جو نوجوان نسل کو علم، ادب اور مہارت کے نئے راستے دکھا رہی ہے۔
نئے آنے والے دوستوں کے لیے ان کا پیغام نہایت دل نشین ہے کہ جس اخلاص اور محبت کے ساتھ ادارہ اپنے رفقا کی تربیت اور رہنمائی کرتا ہے، اسی خلوص کے ساتھ ادارے کا ساتھ دیا جائے۔ سیکھنے کا سفر تبھی کامیاب ہوتا ہے جب استاد اور طالبِ علم دونوں ایک دوسرے کے لیے خیرخواہی کا جذبہ رکھتے ہوں۔
المشرق گروپ آف میڈیا، مہتاب نصیر اعوان کی صحافتی خدمات، تخلیقی صلاحیتوں اور سیکھنے کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہے۔